ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آرین خان کے کیس سے سمیر وانکھیڈے کو چھٹی؛ نواب ملک کےداماد کا معاملہ بھی دہلی این سی بی کے حوالے

آرین خان کے کیس سے سمیر وانکھیڈے کو چھٹی؛ نواب ملک کےداماد کا معاملہ بھی دہلی این سی بی کے حوالے

Fri, 05 Nov 2021 21:41:48    S.O. News Service

ممبئی 5/نومبر (ایس او نیوز) سمیر وانکھیڈے کو کروز ڈرگز کیس میں آرین  خان کیس سے ہٹا  دیا گیا ہے۔ اس کیس کے ساتھ ساتھ انہیں  نواب ملک کے داماد کے کیس سمیت جملہ  چھ مقدمات کی تفتیش سے  ہٹا دیا گیا ہے۔ البتہ وہ ممبئی این سی بی کے جوائنٹ ڈائریکٹر بنے رہیں گے۔ اب دہلی این سی بی کی ٹیم آرین خان کیس کی تحقیقات کرے گی۔ سنجے سنگھ اب آرین  اور سمیر خان کا کیس دیکھیں گے۔ این سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سمیر وانکھیڑے کے خلاف الزامات کی وجہ سے انہیں اس کیس سے ہٹا دیا گیا ہے تاکہ منصفانہ جانچ ہو سکے۔

این سی بی ساؤتھ ویسٹرن زون کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل مُتھا اشوک جین نے کہا، ’’ہمارے زون کے  کل 6 کیسز کی جانچ اب دہلی کی ٹیم (این سی بی) کرے گی، جس میں آرین  خان کا کیس اور 5 دیگر کیسز بھی شامل ہیں۔ یہ ایک انتظامی فیصلہ ہے۔"

سمیر وانکھیڑے نے کیا کہا؟
اس معاملے پر سمیر وانکھیڑے نے کہا کہ مجھے جانچ  سے نہیں ہٹایا گیا ہے۔ عدالت میں میری رٹ پٹیشن تھی کہ معاملے کی جانچ  کسی مرکزی ایجنسی سے کرائی جائے۔ لہذا آرین کیس اور سمیر خان کیس کی جانچ دہلی این سی بی کی ایس آئی ٹی کرے گی۔ یہ دہلی اور ممبئی کی این سی بی ٹیموں کے درمیان کوآرڈینیشن ہے۔ مجھے دہلی سے ​​نہیں جوڑا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا، “اس فیصلے کے بعد دہلی این سی بی کی ایک ٹیم ہفتہ کو ممبئی پہنچ رہی ہے۔ اب ممبئی ریجن کے 6 کیسز بشمول آرین خان کیس اور 5 دیگر کیسز کی انکوائری وہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میں منشیات کے خلاف اپنا آپریشن جاری رکھوں گا۔ میرے  اس کیس سے دستبرداری کا حکم کل آئے گا۔

نواب ملک نے ظاہر کی خوشی 
 مہاراشٹرا کے وزیر نواب ملک جو کہ سمیر وانکھیڑے کو لگاتار نشانہ بنا رہے ہیں، نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، "سمیر وانکھیڑے کو آرین خان سمیت پانچ مقدمات سے ہٹا دیا گیا ہے۔ تقریباً 26 ایسے کیسز ہیں جن کی جانچ ضروری ہے۔ یہ صرف شروعات ہے.ابھی اس سسٹم کی صفائی   کے لیے  بہت کچھ کرنا باقی ہے اور ہم کریں گے۔‘‘

آرین  خان اور ممبئی کروز ڈرگز کیس سے جُڑے  باقی معاملوں کی جانچ اب این سی بی کی سینٹرل ٹیم کرے گی۔ اوراُس ٹیم کی قیادت  سنجے سنگھ کریں گے۔ وہ 1996 کے اُڑیسہ کیڈر کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ این سی بی میں شامل ہونے سے پہلے سنجے سنگھ اُڑیسہ  پولیس کے ایڈیشنل کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ وہاں آئی جی (ماڈرنائزیشن) بھی تھے۔ نومبر 2020 میں سنجے سنگھ کو ڈی ڈی جی یعنی این سی بی کا ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل بنایا گیا۔ پتہ چلا ہے  کہ وہ 31 جنوری 2025 تک اس عہدے پر رہیں گے۔

این سی بی کے آرڈر  میں کیا ہے؟
ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل  دی گئی ہے۔ جس میں این سی بی ہیڈ کوارٹر کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیم این سی بی ممبئی زونل یونٹ سے کل 6 معاملے لے گی۔ یہ کیس قومی اور بین الاقوامی اثر رکھتے  ہیں۔ اس لیے اس معاملے کی گہرائی سے جانچ  ضروری  ہے۔ کسی بھی افسر کو ان کے  موجودہ عہدے سے نہیں ہٹایا گیا ہے۔ وہ ضرورت کے حساب سےاس جانچ  میں اپنا کردار نبھائیں  گے۔


Share: